ممبئی:بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ اور دبنگ اسٹار سلمان خان کے حوالے سے آئے روز کوئی نہ کوئی خبر آتی ہی رہتی ہے،دونوں اسٹارز یہ بات جانتے ہیں کہ کس طرح خود کو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنانا ہے۔
گزشتہ سال دونوں اداکاروں کے درمیان طویل سرد جنگ کے بعد شاہ رخ کی فلم دل والے کی ریلیز کے وقت دوستی کا آغاز ہوا تھاا ور یہ خبر سن کر نہ صرف دونوں کے مداح بلکہ پوری بھارتی فلم انڈسٹری بہت خوش ہو ئی تھی ،لیکن اب سننے میں آرہا ہے کہ دونوں ایک بار پھر آمنے سامنے آنے کیلئے بالکل تیار ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ رخ کی فلم رئیس اور سلمان کی فلم سلطان دونوں ایک ساتھ عید کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہیں ۔
شاہ رخ خان نے اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے بیان دیا ہے کہ ہم دونوں ہی بھارت کے بہترین اسٹارز ہیں،ہمارے بارے میں اسطرح سے باتیں کرنا کہ اپنی فلم کی ریلیز کے موقعے پر ہم زبانی جنگ کریں گے بالکل عجیب ہے۔
شاہ رخ سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ ہر سال عید پر سلمان اپنی فلم ریلیز کرتے ہیں اس سال کیا سلمان کے مداح آپ کی فلم دیکھنے آئیں گے؟ اور کیا سلمان کی خا طر آپ اپنی فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھائیں گے؟
اس سوال پر شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت عجیب ہے جس طرح سلمان کے مداح ہیں اُسی طرح میرے مداح بھی موجود ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ میرے اور سلمان کے درمیان اور نہ ہمارے فلم پروڈیوسرز فرحان اختر اور آدیتیہ چوپڑا کے درمیان کوئی لڑائی ہوئی ہے ،ہم مل کر سب سنبھا ل لیں گے ۔