پانامہ لیکس :پی پی کوحکومت کیخلاف احتجاجی مارچ میں شرکت کی دعوت

شائع 12 اپريل 2016 08:51am

اسلام آباد:شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کو پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ میں شرکت کی دعوت دی ،انہوں نے یہ دعوت خورشید شاہ اور اعتزازاحسن سے ملاقات کے دوران دی، جبکہ جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل پراتفاق کر لیا ہے۔

پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کیخلاف متحدہ محاذ کی تشکیل کیلئے تحریک انصاف نے رابطے تیز کر دیئے ہیں، اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

جس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے،ملاقات میں پانامہ پیپرز میں انکشافات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارٹی مشاورت کے بعد لائحہ عمل بنائیں گے،شاہ محمود قریشی نے امیرجماعت سراج الحق سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور رائیونڈ مارچ میں شمولیت کی دعوت دی،دونوں رہنماوٴں نے پانامہ لیکس کے معاملے پرحکومت کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل پراتفاق کیا۔

Read Comments