پانامہ لیکس کا معاملہ ،اپوزیشن جماعتوں کے متحد ہونے کیلئے رابطے

اپ ڈیٹ 12 اپريل 2016 05:21pm

آف شور کمپنیز کے معاملے پر ملک میں لگی سیاسی بساط پر چالوں میں تیزی آگئی، اپوزیشن جماعتوں نے آپس کے اختلافات بھلا کررائیونڈ کی جانب پیش قدمی کومشترکہ ہدف بنانے کیلئے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ پیپلزپارٹی رائیونڈ مارچ میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کریگی۔پانامہ لیکس پر سیاسی جماعتوں کا الاوٴ کھولنے لگا۔

حکومت کیخلاف محاذ کی قیادت کا بیڑا پی ٹی آئی نے اٹھایااور پھر تیزی سے صف بندی بھی شروع کردی۔شاہ محمود قریشی نے جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقاتیں کی۔

شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے چیمبر پہنچ کر انہیں پانامہ لیکس پر ایک موقف اپنانے کیلئے کہا۔ خورشید شاہ نے بھی اس معاملے پر بین الاقوامی آڈٹ اور کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کے موقف کی تائید کی تاہم رائیونڈ مارچ میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے مشروط کردیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے امیرجماعت اسلامی سے بھی ملاقات کی،جسکے بعد دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

سراج الحق نے وزیراعظم نوازشریف کو شفاف تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے الگ ہوجانے اورچیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔پی ٹی آئی جلد ق لیگ ، قومی وطن پارٹی اور سپریم کورٹ بار ایسوایشن کے رہنماوٴں سے بھی رابطہ کرے گی۔

Read Comments