گوجرانوالہ: خفیہ اداروں کا سرچ آپریشن،6پولیس اہلکار زخمی

شائع 14 اپريل 2016 05:28am

گوجرانوالہ:گوجرانوالہ کے قریب پولیس اور خفیہ اداروں کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران اہل علاقہ سے ہاتھا پائی ہوگئی جس کے نتیجے میں انسپکٹرسمیت چھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے قریب پولیس اور خفیہ اداروں کا تھانہ واہنڈو کے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران اہل علاقہ سے ہاتھاپائی میں انسپکٹرسمیت چھ پولیس اہلکارزخمی ہوگئے جبکہ پولیس کے تشدد سے نو افراد کو بھی چوٹیں آئیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور خفیہ اداروں نے رات گئے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا تو پولیس اور اہل علاقہ میں تلخ کلامی ہوگئی اور نوبت ہاتھاپائی پر آگئی مشتعل اہل علاقہ نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔

ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس سے ایس ایچ او حمید ورک سمیت چھ پولیس اہلکار، نو اہل علاقہ اور تین صحافی زخمی ہوگئے، جبکہ مشتعل ہجوم نے کئی سرکاری گاڑیوں کے شیشے توڑدیئے، پولیس نے واقعے کے بعد بائیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

Read Comments