Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کے رائے ونڈ دھرنے اور وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبے کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کہتے ہیں چار رکنی کمیٹی کے ذریعے اپوزیشن کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے، پیپلزپارٹی کی تحقیقات کب نہیں ہوئی ہم آج بھی تیار ہیں چوہدری نثار جذباتی باتیں کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدرات پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس زرداری ہاوس اسلام آبادمیں ہوا۔جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے رائے ونڈ دھرنے کا حصہ نہیں بنے گی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تحقیقات مکمل ہونے اور الزامات ثابت ہونے تک وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگیں گے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ فرانزک آڈٹ اس ایشو کی بنیاد ہے اس کے بغیرتحقیقات مکمل نہیں ہو سکتیں۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اعتزاز احسن،نیئر بخاری، لطیف کھوسہ پر مشتمل دو مختلف قانونی کمیٹی بنا دی ہے کمیٹی کے ذریعہ اپوزیشن کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی ضلعی تنظیمیں توڑ دی گئی ہیں، ہر صوبے میں پانچ رکنی عبوری کمیٹیاں معاملات چلائیں گی مرکزی تنظیم نہیں توڑی گئی بدستور کام کرتی رہے گی۔