رینجرزحکام نے عبدالقادرپٹیل کو گھرجانے کی اجازت دیدی

شائع 14 اپريل 2016 05:10pm

کراچی:رینجرزحکام نے آٹھ گھنٹے کی تفتیش کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنماعبدالقادرپٹیل کو گھرجانے کی اجازت دے دی۔ پی پی رہنما سے عزیربلوچ سمیت دیگرملزمان کے بیانات اوردہشتگردوں کے علاج معالجے سمیت سہولت کاری کے الزامات کے حوالے سے تفتیش کی گئی۔

قادر پٹیل کی صبح گیارہ بجے رینجرزہیڈکوارٹرآمد ہوئی، رینجرز کے سامنے معاملہ بیان سے تفتیش تک جاپہنچا۔ پی پی رہنما سے سب سے پہلے گینگ وارسرغنہ عزیربلوچ کے بیان پر پوچھ گچھ کی گئی۔رینجرز نے پٹیل سے دہشتگردوں کے علاج کے لیے سہولت کاری کے الزامات پر بھی تفتیش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قادر پٹیل نے عزیر بلوچ سے قریبی تعلقات کا اعتراف کیامگر کسی جرم کے حوالے سے مکمل لاعلمی کا دعوٰی کرتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے قادر پٹیل تفیتشی حکام کے کئی سوالات کا اطمینان بخش جواب نہیں دے سکے اور پوچھ گچھ کے دوران کئی بار پانی بھی مانگتے رہے۔

آٹھ گھنٹے کی تفتیش کے بعد قادر پٹیل کوگھر جانے کی اجازت تو مل گئی مگررینجرز نے انھیں پابندکردایا کہ دوبارہ جب بھی طلب کیا گیا حاضر ہونا ہوگا۔ذرائع کے مطابق قادر پٹیل سے تفتیش کے لیے پانچ سیشن کیے جائیں گے۔

Read Comments