پانامہ لیکس کا معاملہ،رحمان ملک کاانٹر پول سےتحقیقات کامطالبہ

شائع 16 اپريل 2016 08:11am

اسلام آباد:رحمان ملک نے انٹرپول سے پانامہ لیکس کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا،کہتے ہیں خدانخواستہ جمہوریت لیک نہ ہو جائے ،دھرنے اور توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں بنیں گے، نواز زرداری ملاقات نہیں ہو گی،قیاس ایرائیاں ختم ہونی چاہیئں ۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کا لندن روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پانامہ لیکس بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس کی تحقیقات انٹرپول کے ذریعے کرائی جائے،تحقیقات سب سے پہلے پانامہ کے صدر کے خلاف ہونی چاہیئں۔

رحمان ملک نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے واضح کیا ہے کہ نواز زرداری ملاقات نہیں ہو گی،اب قیاس ایرائیاں ختم ہونی چاہیئں،لندن کسی مصالحت یا مفاہمت کے لئے نہیں، زرداری صاحب کے بلاوے پر جا رہا ہوں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے،دھرنے اور توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں بنیں گے لیکن جارحانہ سیاست کے لئے سلطان راہی بنناپڑے گا۔

رحمان ملک نے پانامہ لیکس اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے انٹرپول کو بھی خط لکھا ہے جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے ممبرممالک سے حکمت عملی طے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس میں شامل ممالک کے خلاف کاروائی کی جائے،اسکینڈل سے دنیا میں انتشار پھیلا،منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل کیے گئے پیسے کو تحفظ دینے پر پانامہ کی حکومت کے خلاف بھی تحقیقات ہونی چاہیئں۔

Read Comments