راجن پورمیں چھوٹوگینگ کیخلاف پاک فوج کا آپریشن جاری

شائع 16 اپريل 2016 08:30am

راجن پور :راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف پاک فوج کا آپریشن جاری ہے،ڈاکووٴں کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ،علاقے میں کرفیو نافذ،رینجرز کی عارضی چوکیاں قائم کردی گئیں،ڈی پی او کے مطابق مغوی اہلکار محفوظ ہیں۔

راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف ضرب آہن کے نام سے آپریشن انیسویں روز بھی جاری ہے،پاک فوج کے جوانوں اور پولیس نے کچا سونمیانی،کچی مورو،کچی جمال اور کچا بنگلہ اچھا کو مکمل طور پر گھیرے میں لے رکھا ہے،پاک آرمی کے گن شپ ہیلی کاپٹرز کی جانب سے چھوٹو جزیرے پر شیلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رات بھر کرفیو نافذ رہا،دو گھنٹے کی نرمی کے بعد آج دوبارہ کرفیو لگا دیا گیا ہے،چھوٹو گینگ کیخلاف فورسز کی جانب سے بھرپور آپریشن متوقع ہے اور فورسز کی چھوٹو جزیرے کی جانب پیش قدمی کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ مغوی پولیس اہلکاروں کو موبائل فون فراہم کرکے ان کے پیاروں پر پریشر بڑھانے میں بھی مصرو ف ہے،مغوی پولیس اہلکاروں کو مختلف جگہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے،ڈی پی او کے مطابق مغوی اہلکار محفوظ ہیں۔

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن کے آغاز سے بنگلہ اچھا،ہونگ،سونمیانی کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے،چھوٹو گینگ نے علاقے میں دہشت پھیلا رکھی تھی۔

Read Comments