چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن تاحال جاری ،کشتیوں کی آمدو رفت پر پابندی

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2016 08:13pm

فائل فوٹو

راجن پور :راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف پاک فوج کی زیر قیادت آپریشن جاری ہے،چھوٹو گینگ کے جزیرے کو چاروں اطراف سے سیل کرکے کشتیوں کی آمدورفت پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ چھوٹو کے فرار کے راستے بند کرنے کیلئے علاقے میں رینجرز کی عارضی چوکیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔

راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف ضرب آہن کے نام سے شروع ہونے والا آپریشن انیسویں روز بھی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں سب سے پہلے مغوی اہلکاروں کو بازیاب کراونے کیلئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج نے کچے کے علاقے کا چارج سنبھال لیا ہے،چھوٹوگینگ کے خلاف آپریشن کیلئے دستے تعینات کردیئے گئے، کچے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں،آپریشن کے دوران رینجرز اور پولیس پاک فوج کے ساتھ موجود رہے گی،ترجمان کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کے مقاصد کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔

دریائی راستے سے چھوٹو گینگ کے فرار ہونے کے گذشتہ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں اور پولیس نے کچہ سونمیانی، کچی مورو،کچہ کراچی، کچہ رکھ سونمیانی اور کچی جمال کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ پرائیویٹ کشتیوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ کی جانب سے مغوی پولیس اہلکاروں کے لواحقین پر فون کالز کے ذریعے آپریشن ختم کرانے کیلئے دباوٴ ڈالا جارہا ہے۔

Read Comments