Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
برمنگھم :تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں وزیراعظم نے کرکٹ کبھی نیوٹرل امپائر کے ساتھ نہیں کھیلی ان کا جج میاں صاحب کا احتساب کیسے کرے گا، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی زیرنگرانی کمیشن بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے برمنگھم میں پی ٹی آئی برطانیہ کے جلسے سے خطاب کیا’جس میں انہوں نے وزیراعظم کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا‘،انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تو کبھی نیوٹرل امپائر کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلی اپنا احتساب کیسے کریں گے؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس کی زیر نگرانی آزاد کمیشن بنایا جائے ،عمران خان نے کہا کہ انہوں نے بھی تحقیقات کے حوالے سے برطانیہ میں فرانزک ایکسپرٹس سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ پانامہ لیکس پر صفائی پیش کرنے کے بجائے انہیں ڈرانے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اگر شرم اور حیا ہوتی تو کوئی شوکت خانم پر الزام نہیں لگاتا۔
عمران خان نے کہا کہ لندن میں بچوں کی نانی کے گھر پر ٹھہرا ہواتھا، مجھے چپ کرانے کیلئے وہاں احتجاج کیا گیا، لیگی کارکنوں نے گو عمران گو کے نعرے لگائے تو میں نے سوچامیں کیاوزیراعظم ہوں، کہاں جاوں؟
عمران خان نے حکومت کے ساتھ پاکستان کی دیگر سیاسی اکائیوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کو بلیک میل کرنے کیلئے فائلیں رکھی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرپشن پاکستان سے بھی زیادہ ہے، موقع ملا تو آزاد کشمیر میں ایک مثالی حکومت بنائیں گے۔