چھوٹونےخود کو ساتھوں سمیت سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا

شائع 20 اپريل 2016 09:27am

راجن پور:چھوٹو گینگ کے گرد پاک فوج کا محاصرہ رنگ لے آیا،غلام رسول عرف چھوٹو نے ایک معاہدے کے تحت خود کو ساتھیوں سمیت سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا، ڈاکووٴں نے اغوا کئے گئے پولیس اہلکاروں کو بھی رہا کردیاہے۔

راجن پور پر برسوں سے چھایا ڈاکووٴں کا راج آخر کار ختم ہوگیا،پولیس کے لئے چھلاوہ بننے والا ڈاکو غلام رسول عرف چھوٹو قانون کے شکنجے میں آگیا،پاک فوج کے چار روز سے جاری محاصرے نے ڈاکوٴوں کی کمر توڑ دی ،جس کے بعد غلام رسول عرف چھوٹو نے اپنے ساتھیوں سمیت سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکووٴں نے مغوی بنائے گئے اہلکاروں کو بھی چھوڑ دیا ہے،ذرائع کے مطابق ڈاکووٴں اور انتظامیہ میں ایک معاہدہ طے پایا، جس کی تکمیل کیلئے پولیس اور فوج کی چند قبائلی عمائدین نے بھی مدد کی۔

واضح ہو کہ پاک فوج نے چار روز سے ڈاکووٴں کی سپلائی لائن کاٹ رکھی تھی اور فوج کی بہترین حکمت عملی کے باعث بغیر کسی خون خرابے کے کامیابی کے ساتھ آپریشن آہن تکمیل کو پہنچا، تاہم پاک فوج کے ذرائع نے چھوٹو کے سرنڈر کرنے کے حوالے سے خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

Read Comments