کہا جاتا ہے کہ انسان کی شخصیت اس کی زبان میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے جہ کچھ لوگوں کا انداز گفتگو اتنا نرم اور خوبصورت ہوتا ہے کہ ان کی کہی گئی ہر بات اچھی لگتی ہے۔
بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کچھ لوگوں کی آواز بہت خوبصورت ہوتی ہے لیکن ان کا انداز بیان بالکل بھی متاثر کن نہیں ہوتا، لیکن کچھ لوگوں کا بات کرنے کا انداز اتنا خوبصورت ہوتا ہے کہ لوگ ان کی آواز کو اہمیت ہی نہیں دیتے اور بس ان کے انداز گفتگو میں محو ہوجاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق لوگ ان لوگوں کو زیادہ سننا پسند کرتے ہیں جن افراد کی دوران گفتگو آواز کلئیر اور تیز رہتی ہے۔ وہ افراد جو شروع میں تو تیز بولتے ہیں لیکن بات کرتے کرتے ان کی آواز کم ہو جاتی ہےتو لوگ ان سے بات کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے۔
اسی لیے دیکھنے میں آتا ہے کہ جو افراد نرم انداز میں گفتگو کرتے ہیں لوگ انہی کی طرف زیادہ متوجہ ہوتے ہیں ، ان کی ہر بات کو غور سے سن رہے ہوتے ہیں، ان کی کہی ہوئی بات ہر کسی کو با آسانی سمجھ بھی آجاتی ہے۔
کچھ لوگ ایسا انداز گفتگو رکھتے ہیں کہ جس کی وجہ سے لوگ ان سے بات کرتے ہوئے کتراتے ہیں، حالانکہ وہ کوئی غلط بات نہیں کرتے لیکن ان کا انداز گفتگو تھوڑا سخت ہوتا ہے، جس کے باعث لوگ ان سے بات کرنے سے پہلے سو بار سوچتے ہیں۔
لہذا آپ کی آواز جیسی بھی ہے، آپ اپنا انداز گفتگو ایسا بنالیں کہ سامنے بات کرنے والا شخص بلا جھجک آپ سے گفتگو کرلے اور لوگوں کو آپ سے بات کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو ، نہ کہ وہ آپ سے بات کرتے ہوئے ڈریں۔