پانامہ لیکس: خورشید شاہ اور اسحاق ڈار کی ملاقات ملتوی

شائع 20 اپريل 2016 12:35pm

اسلام آباد:پاناما لیکس کا معاملہ کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر اور وزیر خزانہ کی آج ہونے والی ملاقات تو اعتزازاحسن کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملتوی ہو گئی تاہم خورشید شاہ نے اسحاق ڈار کو ٹیلیفونک رابطے میں اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کر دیا ہے۔

حکومت اور اپوزیشن کی ملاقات میں تاخیر کی وجہ سے پاناما لیکس کے انکشافات پر تحقیقات کا معاملہ پھر لٹک گیا۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور اسحاق ڈار کی ملاقات سینیٹر اعتزاز احسن کی اسلام آباد میں عدم موجودگی کی وجہ سے ملتوی ہو گئی تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور خورشید شاہ کے درمیان ٹیلیفون پررابطہ ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر نے انہیں اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کیا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت عدالتی کمیشن کے قیام کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھے،فرانزک آڈیٹر اس کمیشن کے ٹی اوآرز کی بنیاد ہو اور اگر چیف جسٹس انکار کر دیں تو پھر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

Read Comments