اپ ڈیٹ 21 اپريل 2016 08:13am

فلم فین کا سیکوئل بنانے کا اعلان

ممبئی:بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم فین کی لگاتار کامیابیوں کا سفر جاری ہے،فلم ریلیز سے اب تک پچاس کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلم فین کے بارے میں شاہ رخ کا کہنا ہے کہ مجھے امید نہیں تھی کہ  فلم کو اتنا اچھا اور زبردست رسپانس ملے گا،کیونکہ ایک فلم کو کامیاب بنانے کیلئے اس میں کہانی کے ساتھ رقص اور مرچ مصالحہ بھی بہت ضروری ہوتا ہے جبکہ فین میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے،اسلئے مجھے امید نہیں تھی کہ مداح اسے پسند کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں حیران ہونے کے  ساتھ بہت خوش بھی ہوں کیونکہ میری فلم کو بھارت سمیت بیرون ممالک بھی بہت پسند کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فلم کی بے انتہا مقبولیت کے باعث اس کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جبکہ  شاہ رخ  کی جانب سے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی کہ   مستقبل میں فلم کا سیکوئل بنایا جائے گا یا نہیں۔

واضح رہے کہ فلم فین میں شاہ رخ نے پچیس سالہ گورو اور پچاس سالہ آریان کھنا کا ڈبل رول نبھا یا ہے،اپنی بہترین پرفارمنس کے باعث وہ لوگوں کا دل ایک بار پھر جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

Read Comments