Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن بنگلہ بازارمیں سات پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران خاتون سمیت اٹھارہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ادھر آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث گروہ کا پتا لگا لیا ہے اور جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن بنگلہ بازارمیں سات پولیس اہلکاروں پر حملے اور قتل کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ پاکستان بازار کی مدعیت میں سی ٹی ڈی گارڈن میں درج کر لیا گیاجبکہ دہشتگردی کی سنگین واردات کے بعد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں تابڑ توڑ چھاپے مارے اور خاتون سمیت اٹھارہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث گروہ کا سراغ لگا لیا ہے، دہشت گرد جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، گرفتاری کے لیے دیگر حساس اداروں سے بھی مدد لی جائے گی۔
ادھر تین عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کے خاکوں کی تیاری کا کام جاری ہے جبکہ واردات کی جیو فینسنگ کا کام گزشتہ رات ہی مکمل کر لیا گیا تھا،دونوں جائے واردات سے ملنے والے نائن ایم ایم پستول کے سترہ خول فرانزک تجزئے کے لیے بھیج دئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واردات میں چار پستولوں سے سترہ گولیاں فائر کی گئی ہیں ، جن میں سے دو ہتھیاروں سے فائر کی گئی گولیوں کی تجزیاتی رپورٹ تیارکی جا چکی ہے جس کے مطابق یہ دو ہتھیار ٹارگٹ کلنگ کی چودہ وارداتوں میں استعمال ہو چکے ہیں، یہ وارداتیں ضلع وسطی اور غربی کے مختلف تھانوں کی حدود میں ہوئی تھیں تاہم بقیہ دو ہتھیاروں سے چلائی گئی گولیوں کی تجزیاتی رپورٹ تیاری کے مراحل میں ہے۔