اکثر لوگوں میں بھولنے کی بیماری ہوتی ہے۔ ایسے افراد چیزوں کو کہیں بھی رکھ کے بھول جاتےہیں، یا اپنی کہی ہوئی بات بھول جاتے ہیں۔ غرض یہ کہ ان کو جو بھی کام سونپا جائے وہ کام کو سر انجام دینے کے بجائے ،وہ کام ہی بھول جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھولنے کی بیماری کسی نہ کسی وجہ سے ہوتی ہے، عمر بڑھنے کی وجہ سے بھی اکثر اوقات لوگ چیزیں بھول جاتے ہیں لیکن وہ افراد جو بہت زیادہ ذہنی دباؤ میں رہتے ہیں، ان میں بھولنےکی بیماری زیادہ پائی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق وہ افراد جو مسلسل ذہنی دباؤ میں گھرے رہتے ہیں ان میں بھولنے کی بیماری جنم لینے لگتی ہے۔ اس کے علاوہ مسلسل ذہنی دباؤ کی وجہ سے انسان لوگوں سے ملنا بھی چھوڑ دیتا ہے، ان افراد کو کسی بھی محفل یا تقریب میں جانے سے کوفت اور الجھن شروع ہوجاتی ہے۔اس کے علاوہ ذہنی دباؤ سے آپ کا مدافعتی نظام بھی بہت متاثر ہوتا ہے۔
بھولنے کی بیماری سےانسان کو کئی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، آفس کا دیا ہوا کام یا ہوم ورک بھول جانا، یہ تمام باتیں یقیناً زندگی میں مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔جب آپ کام ٹھیک طرح سے سر انجام نہیں دیں گے تو اس سے بھی ذہنی دباؤ بڑھے گا اور جب ذہنی دباؤ بڑھے گا تو بھولنے کی بیماری جنم لے گی۔
اس کے علاوہ بے وجہ مزاج خراب بھی ذہنی دباؤ کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اگر آپ کے موڈ میں اچانک سے تبدیلی رونما ہوتی ہےتو اس کا مطلب آپ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
لہذا ذہنی دباؤ سے نجات حاصل کرنے کے لیے آپ کئی ساری چیزیں سر انجام دے سکتے ہیں ۔ جیسے آپ کلرنگ بک میں رنگ بھر کے اپنا ذہنی دباؤ ختم کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ آپ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ وقت گزارا کریں، تاکہ آپ ذہنی دباؤ کا شکار ہونے سے بچ جائیں۔