ممبئی:ہر گزرتے دن کے ساتھ بولی وڈ اداکاروں ہرتیک روشن اور کنگنا رناوت کے درمیان معاملات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ دونوں اداکاروں کے درمیان شروع ہونے والی لفظی جنگ اب قانونی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق کنگنا کے وکیل رضوان صدیقی نے اب ہریتک پر الزام لگایا ہے وہ مسلسل کنگنا کے مختلف ای میل اکاونٹس ہیک کر رہے ہیں۔ رضوان کے مطابق ہیکنگ کی وجہ سے کنگنا آٹھ مہینے قبل اپنے دو مرکزی ای میل اکاؤنٹس بند کرنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔
رضوان کا کہنا تھا کہ وہ یکم مارچ، 2016 کو دئیے جانے والے ایک نوٹس میں یہ الزاما لگا چکے ہیں، جس کا ہریتک نے آج تک کوئی جواب نہیں دیا ۔ رضوان کہنا ہے کہ ہرتیک نے پانچ مارچ، 2016 کو ایف آئی آر درج کروائی جبکہ کنگنا پہلے ہی ان پر اکاونٹ ہیک کرنے کا الزام لگا چکی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہرتیک تردید کر رہے ہیں کہ ان کی کنگنا سے ای میل پر بات چیت ہوتی تھی، جبکہ وہ ان رابطوں کی تصدیق کر رہی ہیں۔ رضوان نے مزید الزام لگایا کہ ہرتیک نے میڈیا کو کچھ ای میلز بھیج کر کنگنا کا نام خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
‘انہیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بنا پولیس کی اجازت اور میری پوچھ گچھ کے وہ میڈیا کو کچھ بھی نہیں دکھا سکتے۔ اگر وہ عوام کے سامنے اپنا ریکارڈ درست کرنا چاہتے ہیں تو انہیں تمام سوالوں کا بالکل صحیح جواب دینا ہوگا’۔