پاناما لیکس تحقیقات، چیف جسٹس کو کمیشن کی تشکیل کیلئے خط لکھنے کا اعلان

شائع 22 اپريل 2016 02:36pm

وزیر اعظم نواز شریف نے چیف جسٹس سپریم کورٹ انور ظہیر جمالی کو پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کیلئے خط لکھنے اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر خود کو اپنے خاندان سمیت احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں، کرپشن کاالزام ثابت ہونے پر استعفی دے دونگا ۔یہ بات انہوں نے پاناما لیکس سے متعلق دوسری مرتبہ قوم سے اپنے خطاب میں کہی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوس اقتدار کی خاطر مرتبہ پھر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پانامالیکس منظر عام پر آنے کے بعد ملک میں کمیشن بنانے کا اعلان کیا تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کے دوران ہی ٹیکس پیئرز ڈائریکٹری شائع کی گئی ۔اس موقعے پر انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود کو اپنے خاندان سمیت احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں اور کرپشن ثابت ہونے پر وہ استعفے دے کر گھر چلے جائیں گے ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کمیشن کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں تاکہ دھرنے کی راہ ہموار ہوسکے ،تاہم انہوں نے اس مرتبہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کیلئے خط لکھنے کا اعلان کیا ۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بعض لوگ میری سعودی عرب کی فیکٹری کا حوالہ دے رہے ہیں لیکن میں پوچھتا ہوں کہ ہمیں وہاں کس نے اور کیوں بھیجا تھا۔ایک منتخب وزیر اعظم کوہتھکڑیاں کیوں لگائی گئیں ۔

اس موقعے پر انہوں نے ماضی کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ مشرف اپنے دورے حکومت میں بھی کسی قسم کی کرپشن کا مقدمہ نہیں بناسکے کیونکہ میری ساری زندگی ایک کھلی کتاب ہے ،میں نے تین دہائیوں میں بہت نشیب وفراز دیکھے تاہم جلاوطنی کا لمحہ بہت تکلیف دہ تھا اورمیں نے وہ تمام عرصہ انتہائی رنج میں گزارا ۔

 

 

Read Comments