آف شور کمپنیز کی تحقیقات، حکومت نے اپوزیشن کا مطالبہ مان لیا

شائع 22 اپريل 2016 05:15pm

اسلام آباد:حکومت نے آف شورکمپنیز کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن کا مطالبہ مان لیا، قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے شفاف کمیشن کے قیام کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا اعلان کردیا، وزیراعظم نے کہا اگر ان پر کوئی الزام ثابت ہوگیا تو وہ گھر چلے جائیں گے، ورنہ الزام تراشی کرنے والوں کی معافی کا فیصلہ قوم خود کرے۔

وزیراعظم نوازشریف نے ایک ماہ کے دوران قوم سے تیسری بار خطاب کیا، مخالفین کو کھری کھری سنانے کے بعد چیف جسٹس کی زیرنگرانی کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم نے کہا کہ الزام لگانے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ ثبوت کمیشن کے سامنے رکھیں، اگر مجھ پر کوئی الزام ثابت ہوا تو گھر چلا جاوٴں گا۔

وزیراعظم نے کہا الزامات ثابت نہ ہوئے تو کیا قوم الزامات کا بازار گرم کرنے والوں کو معاف کردے گی،اس سوال کا جواب قوم پر چھوڑتا ہوں۔وزیراعظم نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی تو دور کی بات ان کے خلاف ایک پائی کی غیر قانون ٹرانزیکشن ثابت نہ ہوسکی۔

وزیراعظم نے کہا کہ محض اقتدار کی ہوس کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ہم اس وقت سے ٹیکس دے رہے ہیں جب اس لفظ کے کچھ لوگوں کو ہجے بھی نہیں آتے تھے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کچھ لوگ ملک کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، جلاوٴ گھیراوٴ اور دھرنے کا جواز پیدا کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ گیدڑ بھپکیوں سے ڈرنے والے نہیں، اور نہ ہی کبھی خوف زدہ ہوکر سیاست کی ہے،انہوں نے کہا ہوس اقتدار کے مارے لوگوں کو اپنی شکست دیوار پر لکھی نظر آرہی ہے۔

Read Comments