سپریم کورٹ: ایان علی کو سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

شائع 25 اپريل 2016 01:21pm

سپریم کورٹ نے ماڈل ایان علی کو توہین عدالت کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے اور عدالت عالیہ کو درخواست جلد نمٹانے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے ماڈل ایان علی کی جانب سے دائرتوہین عدالت کی درخواستوں پرسماعت کی۔بیرسٹر لطیف کھوسہ نے دلائل دیئے کہ ایان علی کے معاملے میں مسلسل عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے،نام نکالنا اورپھرڈالنا عدالت سے دھوکہ دہی ہے۔

جسٹس اعجازافضل نے کہا کہ جس عدالت کے فیصلے کی توہین ہوئی کیس وہاں دائرکرنا چاہیے،ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم سندھ یائیکورٹ نے دیا،اگر ہائیکورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہ ہوئے تو سپریم کورٹ آسکتے ہیں۔لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ میری موکلہ کو دو بارایئر پورٹ سے واپس بھیجا گیا۔

عدالت نے فیصلہ دیا کہ درخواست گزارسندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرے،سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کو درخواست پرسماعت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

Read Comments