ہماری کاوشوں سے دہشتگردی کم ہوئی ،نواز

شائع 25 اپريل 2016 05:16pm

راولپنڈی :خود وزیراعظم نوازشریف بھی عوامی حمایت کیلئے عملی طور پر متحرک ہوگئے ہیں، اور اسی حوالے سے راولپنڈی کے علاقے کوٹلی ستیاں جا پہنچے،جہاں انہوں نے بارش سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کیا اور اپنی حکومت کی کارکردگی کے خوب گن گائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کاوشوں سے ملک سے دہشتگردی کم ہوگئی ہے، کراچی پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے، دو ہزار اٹھارہ میں باقی ماندہ لوڈ شیڈنگ بھی ختم ہوجائے گی۔

انہوں نے کوٹلی ستیاں میں بھی بجلی گھرکے قیام سمیت متعدد ترقیاتی کاموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو کوئی موٹر وے بنانی ہو یا ایکسپریس سے بنانی ہو تو مجھے بتائیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انکے دل میں بہت سی باتیں ہیں لیکن وہ صبروتحمل سے کام لے رہے ہیں، وہ کسی کی کردار کشی کرنے نہیں بلکہ پاکستان کی بات کرنے آئے ہیں۔

مخالفین پر براہ راست تنقید نہ کرتے ہوئے بھی وزیراعظم بہت کچھ کہہ گئے،انہوں نے کہا کہ ہم دھرنوں اور ملک برباد کرنے کی سیاست نہیں کرتے، ہم جھوٹ کی بھی سیاست نہیں کرتے، عوام بتائے کہ وہ کون جس نے ملک میں اندھیرے پھیلائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ایک ایک پائی کو امانت سمجھ کر خرچ کیا، بجلی کے تین منصوبوں پر سو ارب روپے بچائے ہیں جو ریکارڈ ہے، انشاء اللہ ہم تمام وعدے پورے کریں گے۔

Read Comments