میاں صاحب کو ان کے مشیر صحیح مشورہ نہیں دے رہے، یوسف رضا گیلانی

شائع 26 اپريل 2016 12:42pm

ملتان:سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو قوم سے خطاب کی ضرورت نہیں تھی، ان سے غلطی ہوئی کہ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کو ان کے مشیر صحیح مشورہ نہیں دے رہے،  انہیں قوم سے خطاب کی ضرورت نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم ہوتے تو سب سے پہلے پارلیمانی پارٹیز  کے ہیڈز سے مشورہ کرتے۔ پانامہ لیکس پر تمام سیاسی جماعتیں چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن چاہتی ہیں جس کے ٹرم آف ریفرنس بھی اپوزیشن سے مل کر طے کئے جائیں۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ چھوٹو کے زندہ گرفتار ہو جانے سے بہت سے بڑے نام سامنے آئیں گے۔ سانحہ لیہ کے متاثرین کو کئی دن تک کسی بڑے ہسپتال منتقل نہ کیا جانا افسوس ناک ہے، اگر بروقت علاج مہیا ہو جاتا تو شائد کچھ جانیں بچ جاتیں۔

Read Comments