لاہور :لیہ ،زہریلی مٹھائی کھانے والے مزید انیس افراد زیر علاج

شائع 27 اپريل 2016 05:30pm

لاہور :لاہور کے جناح ہسپتال میں لیہ سے زہریلی مٹھائی کھانے والے انیس افراد کاعلاج معالجہ جاری ہے لیکن متاثرہ افراد کے رشتے دار طبی سہولیات سے مطمئن دیکھائی نہیں دیتے،ایک خاندان کے آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

خوشی میں منہ میٹھا کرنا متعدد خاندانوں کے گھروں کو ہی اجاڑ گیا،لاہور کے جناح ہسپتال میں لیہ سے زہریلی مٹھائی کا شکار ہونے والے فرادکو خصوصی وارڈ میں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،لیکن ہسپتال میں رش کے باعث آئی سی یو اورالگ کمرے لینے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مشکلات ایک جانب لیکن ہر خاندان کی الگ ہی داستان ہے کسی کے گھر سے آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے تو کوئی تین بیٹوں کا غم لیے بستر پر اپنے جگرگوشوں کو یاد کررہی ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں لیکن ابھی تک اس زہر کا علاج دریافت نہیں ہوسکا جس کے باعث مریضوں کی صحت یابی سے متعلق کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

جناح ہسپتال میں لیہ سے لائے گئے چار افراد کی حالت تاحال تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

Read Comments