ہر حکومت نے ایٹمی پروگرام جاری رکھنے میں معاونت کی ،قدیر خان

شائع 27 اپريل 2016 05:41pm

کراچی :سائنس دان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کرنواز شریف تک ہر حکمران نے ایٹمی پروگرام کو جاری رکھنے میں ان کی مدد کی۔ باون سال سے ہر ہفتے اپنی بیگم کو پھولوں کا تحفہ دیتا ہوں۔

کراچی میں جناح یونیورسٹی فار ویمن کے پندرہویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے خواتین کو تعلیم سے دور نہیں کیا جاسکتا، ایک خاتون پورے خاندان کو علم کی روشنی سے منور کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے انہیں پاکستان میں ایٹمی پروگرام پر کام کی پیشکش کی جس پر انہوں نے اہلیہ سے مشورے کے بعد حامی بھری۔

ڈاکٹرعبدالقدیرکا کہنا تھا کہ وہ باون سال سے ہر ہفتے اپنی بیگم کو پھولوں کا تحفہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے لا علم افراد حقوق نسواں بل کی مخالفت کرتے رہے۔ کانووکیشن میں ایک ہزار پچپن طالبات کو پی ایچ ڈی، ایم فل، ماسٹر بی ایس اور گریجویشن کی اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقعے پر چیئرمین یونیورسٹی وجیہہ الدین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورکہا کہ طالبات عملی زندگی میں جاکر بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دینگی اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرینگی ۔

Read Comments