سندھ ہائیکورٹ کے احکام پر کھلنے والی شوگرمل پولیس نے بند کرادی

شائع 20 دسمبر 2015 01:00pm

ٹنڈو محمد خان:سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد سیری شوگرمل کھلی تو پولیس نے بند کرادی۔ کوریج کرنے پر پولیس نے آج نیوز کے نمائندے کو تشدد کا نشانہ بنادیا۔

ٹنڈو محمد خان کی سیری شوگر مل میں دو سال بعد گنے کی کرشنگ کا جیسے ہی آغاز ہوا پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیاں لے کر شوگر مل بند کرانے پہنچ گئی۔

مل بند کرانے کی کوشش پر مزدور سراپا احتجاج بن گئے، آج نیوز کی ٹیم جب کوریج کیلئے پہنچی تو نمائندہ آج نیوز محمد انصار کو کوریج سے نہ صرف روکا گیا بلکہ پولیس نے ان کو حراست میں لے کر موبائل فون اور کیمرہ چھین لیا۔ تاہم عوامی اور صحافتی حلقوں کے احتجاج کے بعد آج نیوز کے نمائندوں کو رہاکردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دو سال قبل سندھ کی بااثر سیاسی شخصیت نے یہ مل خریدنے کی کوشش کی تھی جس میں ناکامی پر مختلف سرکاری اداروں کے دباو کے بعد مل کو بند کرادیا گیا تھا، چند ہفتے قبل سندھ ہائی کورٹ نے اس شوگر مل کو دوبارہ چلانے کے احکامات دیے تھے جس پر مالکان نے مل چلانے کی کوشش کی لیکن پولیس اور پرائیوٹ گارڈز نے مزدوروں کو مل میں داخل نہیں ہونے دیا۔

Read Comments