ایف 16طیاروں کاسوداابھی ختم نہیں ہوا،طارق فاطمی

شائع 30 اپريل 2016 07:58am

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ ایف سولہ طیاروں کا سودا ابھی ختم نہیں ہوا،کانگریس کو راضی کرنا اوباما انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

بی بی سی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے طارق فاطمی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ امریکی کانگریس میں فارن ملٹری فنڈنگ یا بیرونی ممالک کو فوجی مالی امداد کے خلاف جذبات پائے جاتے ہیں لیکن امریکی انتظامیہ کی طرف سے پاکستان کی فوجی امداد کی پیشکش اپنی جگہ موجود ہے۔

طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان کا مقدمہ بہت مضبوط ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان خدمات انجام دے رہا ہے اس لیے پاکستان کو یہ امداد مہیا کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ سے اس معاملے پر بات چیت جاری ہے اور پاکستان کے سفارت کار کانگریس کے اراکین سے ملاقاتیں کرکے انہیں پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔

امریکی سینیٹ کی طرف سے فنڈ کی فراہمی پر پابندی کے فیصلے پر طارق فاطمی نے کہا کہ امید ہے کہ امریکہ انتظامیہ کانگریس کو رضامند کر لے ورنہ امریکی انتظامیہ کے پاس اور بھی بہت سے راستے ہوتے ہیں۔

Read Comments