بلاول بھٹو کا نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ

شائع 30 اپريل 2016 04:17pm

کوٹلی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاناما لیکس کی تحقیقات میں بری ہوجائیں تو عہدہ دوبارہ سنبھال لیں، بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب جانتے ہیں ان کی حکومت مدت پوری نہیں کرسکے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں انتخابی جلسے سے خطاب میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنی ساری توپوں کا رخ نواز شریف کی طرف کردیالیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پی پی کے شریک چیئرمین اور بلاول بھٹو کے والد آصف علی زرداری نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنی تقریر کا آغاز ہی نواز حکومت پر تنقید سے کیا،انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کرپشن کے سردار ہیں، ان کی ہر پالیسی میں بزنس آگے ہوتا ہے۔بلاول بھٹو نے حکومت مخالف نعرے بھی لگوائے۔انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر الیکشن چرانے کی تیاری کی جارہی ہے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تعلیم اور دیگر ترقی کے کام اسلئے نہیں کئے جاتے کہ ان میں لوہا نہیں لگتا۔بلاول بھٹو نے نواز شریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا دوست قرار دیا اور کہا کہ میاں صاحب نے تین برس میں نہ کبھی کشمیر پر کھل کر بات کی اور نہ ہی انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین مظالم کی مذمت کی۔بلاول نے کہا کہ یہ بھٹو ہی ہیں جو کشمیر پر دل کھول کر بات کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

Read Comments