عمران خان کا نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 01 مئ 2016 04:12pm

لاہور :پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف فیصلے کا وقت آگیا،میاں صاحب کے پاس حکومت کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ،انکو استعفی دے دینا چاہیئے ، ان کے برطانیہ میں کروڑوں روپے کے گھر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف فیصلے کا وقت آگیا،اسلئے میاں صاحب کے چہرے پر گھبراہٹ اور ڈر ہے کیونکہ آجکل انکے حالات کمزور ہیں ۔انہوں نے سوال کیا کہ جہاں ملک کا سربراہ کرپٹ ہو ،وہاں معاشرہ کیسے ترقی کرسکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں رہ کر کاروبار کرنا بہت آسان ہے ،پولیس ،احتساب سے لے کر بینکوں کے سربراہ اپنے مرضی سے لگائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب کا ایک بیٹا الگ جبکہ بیٹی الگ بات کہہ رہی ہے ،لندن میں میاں صاحب کے کروڑوں روپے کے گھر ہیں ،رائیونڈ کی سڑک بنانے پر اربوں روپے خرچ کیا گیا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب آپ پر الزام ثابت ہوگیا تو آپ گھر نہیں جیل جائینگے ۔انہوں نے حکومتی وزراء کومیاں صاحب کا دفاع کرنے پر بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن معاشرے کو کھوکھلا کردیتی ہے اورمعاشرے کا کرپٹ سربراہ نچلے طبقے تک کرپشن پھیلا دیتا ہے ۔پی ٹی آئی چیف کا کہنا تھا کہ کرپشن معاشرے میں دیمک کی طرح ہے جبکہ مغرب کا معاشرہ ہمارے سے آگے نکل گیا ۔اس موقعے پر انہوں نے عالمی لیڈران کا حوالہ دیا اور کہا کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا پاناما لیکس میں نام آنے کے بعد پارلیمنٹ میں ان پر تنقید کی گئی۔

انہوں نے کلنٹن اور مونیکا لیونسکی کے اسکینڈل کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہاں پر کلنٹن کی ساتھ پھر کیا گیا کیونکہ مغرب میں لیڈروں سے اعلیٰ ترین اخلاقیات مانگی جاتی ہیں ۔انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر انکے حقوق کی فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

Read Comments