سابق وزیر دفاع کا بیان بے بنیاد ہے،حنا ربانی کھر

شائع 20 دسمبر 2015 05:04pm

سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے حکومت نے اسامہ بن لادن کا تحفظ نہیں کیا، اس حوالے سے سابق وزیر دفاع احمد مختار کا بیان بے بنیاد ہے، احمد مختار پاکستان کے دفاع یا خارجہ پالیسی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

غیرملکی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھا پاکستان میں تو وزیر دفاع بالکل فارغ ہوتا ہے، انہوں نے اسامہ پر احمد مختار کا بیان مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اسامہ بن لادن کا تحفظ نہیں کر رہی تھی، چوہدری احمد مختار کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں، انہیں پاکستان کے دفاع یا خارجہ پالیسی امور کے بارے میں کچھ بھی نہیں پتا ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ جب امریکی حملے میں اسامہ کے مارے جانے کی خبر ملی تو ان سمیت سب لوگ سکتے میں رہ گئے تھے۔

Read Comments