سابق چیئرمین سینیٹ نیئربخاری تاحال عدم گرفتار

اپ ڈیٹ 05 مئ 2016 07:36pm

اسلام آباد:سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلزپارٹی کے رہنما نیئربخاری کو تاحال گرفتار نہ کیا جاسکا ۔ان کے ہیڈ کانسٹیبل کو دھکا دینا اور کارسرکار میں مداخلت کرنے پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔تھپڑ مارنے والا اور کوئی نہیں نیئرحسین بخاری کا بیٹا تھا۔

سابق چیئرمین سینیٹ نیئربخاری کو ہیڈ کانسٹیبل کے ساتھ پنگا مہنگا پڑ گیا۔نیئربخاری کی منگل کو اسلام آباد کچہری آمد ہوئی۔گیٹ پر موجود ہیڈ کانسٹیبل نے تلاشی کیلئے ان کو روکنا چاہا۔ جس پر نیئر بخاری نے پولیس اہلکار کو دھکا دیااور اسی دوران ان کے مبینہ محافظ نے اہلکار کوتھپڑ ماراتاہم انہوں نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ کسی نے کسی کو تھپڑ نہیں مارا ، صرف دھکا دیا گیا۔

سی سی ٹی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد واقعے کا بھانڈا پھوٹ گیا۔فوٹیج میں صاف نظر آیاکہ نیئر بخاری کو گارڈ نے روکنے کی کوشش کی،جس پر انہوں نے دھکا دیا اور ان کے ساتھ موجود شخص نے گارڈ کو تھپڑ دے مارا۔

اہلکار نے بھی واقعے کی تصدیق کی اسے تھپڑ مارا گیا۔پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کیا لیکن کوئی گرفتاری نہ ہوسکی،پہلے کہا گیا سابق چیئرمین سینیٹ کے گارڈ نے تھپڑرسید کیا ،تاہم بعد میں تھپڑ مارنے والا شخص نیئربخاری کا بیٹا نکلا۔اسلام آباد کے سول جج جواد حسین عادل نے نیئربخاری کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور ایس ایچ اومارگلہ کو گرفتارکرنے کی ہدایت جاری کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی نفری نیئر بخاری کے گھر کے باہر موجود ہے،تاہم گرفتاری کب ہوگی یہ کوئی نہیں جانتا۔واقعے پر اپوزیشن رہنما خورشید شاہ بھی پھٹ پڑے اور بولے کہ آئی جی اسلام آبا د کوسابق چیئرمین سینیٹ نیئربخاری کی پگڑی اچھالنے کا حساب دینا ہوگا۔

Read Comments