معطل سیکریٹری خزانہ بلوچستان جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے

شائع 07 مئ 2016 06:16pm

کوئٹہ :معطل سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کو عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

ڈی جی نیب بلوچستان طارق محمود کہتے ہیں کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی رقم کبھی برآمد نہیں ہوئی۔اس کیس پر ایک سال سے نظر تھی، یہ کام کسی اکیلے فرد کا نہیں۔نیب نے ملکی دولت لوٹنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا۔فنڈز میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار معطل سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کو عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ مشتاق رئیسانی کو کڑے پہرے میں بکتر بند گاڑی میں جوڈیشل مجسٹریٹ درجہ اول محمد حنیف کی عدالت میں پیش کیا گیا۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان کہتے ہیں کہ بلوچ عوام کی لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کراچی اور کوئٹہ میں بھی مشتاق رئیسانی کی جائیداد کا پتہ چلا ہے اس معاملے پرمزید تفتیش کی جارہی ہے، اس کیس پر ایک سال سے کام کررہے تھے۔

ڈی جی نیب بلوچستان طارق محمود کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی رقم کبھی برآمد نہیں ہوئی۔ مشتاق رئیسانی کے گھر سے پینسٹھ کروڑ اٹھارہ لاکھ روپے برآمد ہوئے،جس میں پانچ کروڑ روپے کے پرائز بونڈ شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ فنڈز کے دوران کرپشن کا انکشاف ہوا۔

نیب بلوچستان نے لوکل گورنمنٹ فنڈز اور پی ایس ڈی پی اسکیموں میں خوردبرد کے الزام میں سیکریٹری خزانہ کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ ان کے گھر پر چھاپے کے دوران ملکی و غیرملکی کرنسی، زیورات پرائز بونڈز، سونے کے بسکٹ اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کر لی گئی تھیں۔

Read Comments