کراچی: سماجی کارکن خرم ذکی کی تدفین کردی گئی

شائع 08 مئ 2016 05:12pm

کراچی:کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے جاں بحق سماجی کارکن خرم ذکی کی تدفین کردی گئی۔

ہفتے کی شب نارتھ کراچی میں سماجی رہنما خرم ذکی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔خرم ذکی کی میت کو جلوس کی شکل میں امام بارگاہ خیرالعمل انچولی سوسائٹی سے وزیراعلیٰ ہاؤس لایا گیا۔جلوس کے شرکا راستے بھر نعرے بازی کرتے رہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جلوس کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے سے روکنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامت کیے گئے تھے۔شرکا پی آئی ڈی سی چوک پہنچے تو پولیس کا حصار توڑ دیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان بھی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے،جہاں خرم ذکی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

مقتول کی بیوہ کے مطابق حساس اداروں نے ان کے شوہر کو خطرات سے آگاہ کیا تھا۔

نمازجنازہ کے بعد خرم ذکی کو وادی حسین قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

دوسری جانب سرسید پولیس نے واقعہ کا مقدمہ زخمی شخص کی مدعیت میں درج کرلیا،جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والی گولیوں کی فرنسک رپورٹ بھی پولیس کو موصول ہوگئی۔

ایس ایس پی عرب مہر نے بتایا کہ واردات میں استعمال ہتھیار پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوئے۔

Read Comments