پانامالیکس نے حکومتی کشتی لیک کردی ،بلاول بھٹو

شائع 10 مئ 2016 04:34pm

فائل فوٹو

مظفرآباد:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاناما لیکس نے حکومت کی کشتی لیک کردی اور اب وہ ڈوبنے ہی والی ہے۔آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں بلاول بھٹو نے ن لیگ کے شیروں پر تیروں کی برسات کردی ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے،ان کی اپنی پالیسیاں انہیں خود لے ڈوبیں گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے خلاف ایک ادارہ بڑھ بڑھ کر کارروائیاں کررہا ہے لیکن اسحاق ڈار کی حدیبیہ ملز، نندی پاور پراجیکٹ سمیت حکومت کی کرپشن اسے دکھائی کیوں نہیں دیتی؟

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے الزام لگایا کہ حکومت کی شوگرملز سے را کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں،بلوچستان سے پکڑے جانے والے را ایجنٹ بھی انہیں صرف ایک کبوتر کیوں دکھائی دیتے ہیں؟

بلاول بھٹونے دعویٰ کیا کہ حکومت کے سرکس کا یہ کھیل بہت جلد ختم کردونگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیر پالیسی ناکام ہوئی۔علی حیدرگیلانی کی طرح بہت جلد کشمیر بھی آزاد ہوگا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چھوٹو گینگ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا۔

Read Comments