ممبئی:گزشتہ ماہ اپریل میں بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ پرتیوشا بینرجی کی مبینہ خودکشی نے پوری انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا۔
انہوں نے اتنی کم عمری میں اپنی زندگی کا خاتمہ کیوں کیا اس کا صحیح جواب تو سامنے نہیں آسکا تاہم پولیس کی تفتیش جاری ہے۔
حال ہی میں پرتیوشا کی سب سے قریبی دوست کامیا پنجابی کا اہم بیان سامنے آیا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ 'پرتیوشا کے بوائے فرینڈ راہول راج سنگھ کے خلاف بیان دینے کے بعد مجھے دھمکی آمیز فون آنے لگے ہیں'۔
جبکہ راہول نے کامیا پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پرتیوشا سے ڈھائی لاکھ روپے کی رقم ادھار لی تھی۔کامیا نے اس الزام کے جواب میں کہا ہے کہ راہول سراسر جھوٹ بول رہے ہیں ۔
کامیا کا مزید کہنا ہے کہ میں بی سی ایل(باکس کر کٹ لیگ) کے پچھلے سیزن کی 'جے پور راج جوشیلے ٹیم' کی بانی تھی جبکہ پرتیوشا میری ٹیم کی برینڈ ایمبسیڈر تھی۔
پرتیوشا نے مجھے ڈھائی لاکھ روپے دئے تھے،وہ چاہتی تھی کہ میں اپنی ٹیم کے ذریعے اس کے والد کی این جی او کی تشہیر کروں۔
آج تک کبھی ایسی نوبت نہیں آئی کہ میں کسی سے پیسے ادھار مانگوں،میرے پاس ثبوت ہے کہ یہ پیسے پرتیوشا نے مجھے ادھار نہیں دئے تھے۔
واضح رہے کہ پولیس نے راہول کو پرتیوشا خود کشی کیس میں تفتیش کے دوران حراست میں لیا تھا ،تاہم وہ ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں ۔
بشکریہ:ڈی این اے انڈیا