شائع 11 مئ 2016 03:21pm

پاناما لیکس میں اجے دیوگن کا نام بھی منظر عام پر

پاناما لیکس کے دھماکے تاحال جاری ہیں اور ا ب بتدریج اس میں بالی وڈ اسٹارز کے نام بھی منظر عا م پر آنے لگے ہیں ،نئی ریلیز کردہ پاناما لیکس کی قسط میں اجے دیوگن کا نام بھی منظر عام پر آیا ہے ۔

پانامالیکس کی نئی جاری کردہ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اجے دیوگن نے بھی میرلی بون انٹرٹینمنٹ کے نام سے برٹش ورجن آئی لینڈ میں اپنی فرم خریدی تھی ،انہوں نے یہ فرم حسن سایانی سے خریدی تھی جوکہ اس کا سابق مالک ہے اور وہ لندن میں رہائش پذیر تھا ،تاہم دستاویزات میں مزید بتایا گیا کہ اجے دیوگن ایک سال تک متعلقہ کمپنی کے ڈائریکٹر رہے ،بعدازاں انہوں نے اس فرم سے اپنے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

بھارتی خبرساں ادارے کے مطابق اجے دیوگن کا اس کمپنی کا خریدنے کا مقصد بالی وڈ فلموں کے بیرون ملک نمائش کے حقوق حاصل کرنا تھا،تاہم رابطہ کرنے پر اجے دیوگن کا کہنا تھا کہ یہ کمپنی ملک قانون کے مطابق بنائی گئی تھی اور اسکو بھارتی قوانین کے مطابق ملکی گوشواروں میں بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔

دوسری جانب اجے دیوگن کی طرف سے انکے چارٹرڈ اکاونٹنٹ نے بھی کمپنی میں انکے شیئرز ہونے کی تصدیق کی ہے ،تاہم ان کا کہنا تھاکہ اجے دیوگن اس کمپنی میں ایک ہزار شیئرز کے مالک تھے جبکہ یہ شیئرز ایم ایس نائیگا یگ اینٹرٹینمنٹ کے نام سے خریدے گئے تھے اور یہ کمپنی بھی اجے دیوگن اور کاجول کی مشترکہ کمپنی ہے ۔

اس سے قبل پانامالیکس میں ایشوریا رائے اور امیتابھ بچن کے نام بھی منظر عام پر آچکے ہیں ،جس کے بعد اب اجے دیوگن کانام دستاویزات میں سامنے آیا ہے ۔

Read Comments