Aaj Logo

شائع 16 مئ 2016 08:30am

کیا آپ بھی کمر کے نچلے حصے کے درد سے دوچار ہیں؟

کمر کا درد عام طور پر 20 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو پیش آتا ہے یا پھر یہ درد ان لوگوں کو اکثر ہوتا ہے جن کا وزن بہت زیادہ ہوتا ہے ۔اگر یہ درد معمولی ہو تو تھوڑے عرصے بعد خود ٹھیک ہو ہو جاتا ہے مگر شدید ہو تو دیگر مسائل کا باعث بنتا ہے۔

کمر درد میں کمر کے عضلات کمزور ہو جاتے ہیں چلنے پھرنے سے درد ہوتا ہے۔ کمر درد کے ساتھ ساتھ ٹانگوں میں بھی درد شروع ہو جاتا ہے ۔ اور یہ آہستہ آہستہ کولہے کی طرف بھی محسوس ہوتا ہے۔ مریض آسانی سے جھک نہیں سکتا۔ شدید درد کی صورت میں بخار بھی ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں کمر درد میں سر درد اور بے خوابی جیسے مرض بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔

کمر درد کی وجوہات میں عضلات کی کمزوری اہم وجہ ہے۔ اس کے علاوہ موٹے لوگ کمر درد کا شکار ہوتے ہیں کیونکہ وہ چلنے پھرنے سے بیزار ہوتے ہیں اور کمر کے عضلات کمزور ہو جاتے ہیں جس سے کمر درد شروع ہو جاتا ہے۔ کرسی پر غلط انداز سے بیٹھنے الٹا سونے اور زیادہ جھک کر کام کرنے سے بھی کمر درد کے مسائل جنم لیتے ہیں۔ بچپن میں کسی چوٹ کی وجہ سے ڈسک متاثر ہو جاتی ہے۔ اور بعد میں شدید کمر درد محسوس ہوتا ہے کیونکہ اگر ڈسک اپنی جگہ سے ہٹ جائے تو رگوں پر پریشر بڑھ جاتا ہے اور ٹانگ کمر کے عضلات کمزور ہو جاتے ہیں اور کمر کو آگے پیچھے جھکانے سے شدید درد ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں کمر درد کی وجوہات میں ٹراما ،پوسٹرل بیک پین ، ڈپریشن ، پیلوس میں سوزش اور دیگر ٹیومرز وغیرہ شامل ہیں۔ باول سنڈ روم کی بیماری اکثر جوان عورتوں کو ہوتی ہے جس سے قبض اور پیٹ درد جیسے امراض کی شدت کمر درد کا باعث بنتی ہے۔

Read Comments