تہران :ایران نے امریکا کی سپر ماڈ ل کم کرڈیشین پر سیکریٹ ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کردیا ہے۔خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی انقلابی فورس کے حکام کے مطابق کم کرڈیشین نوجوانوں میں بے راہ روی پھیلانے کے مشن پر عمل پیرا ہیں ۔
حکام کے مطابق کم اپنے نازیبا سیلفیاں پوسٹ کرکے ایرانی نوجوانوں کو بے راہ روی پر لگانا چاہتی ہیں تاکہ وہ اپنی مذہبی اقدار وروایات سے پیچھے ہٹ سکیں ۔ایرانی حکام نے صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کا عندیہ بھی دیا اور الزام عائد کیا کہ کم کرڈیشین کو مالی معاونت بھی اس حوالے سے مہیا کی جارہی ہے ۔
ایرانی حکام کا یہ اقدام اور بیان انکے خفیہ مشن آپریشن انسائیڈر ٹو کا حصہ ہے ،یہ مشن سائبر کرائم یونٹ کے زیر انتظام جاری ہے ۔آپریشن کے تحت فیس بک اور انسٹا گرام پر اشتعال انگیز پوسٹ کرنے والوں کیخلاف کارروائی جاری ہے ۔
ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق اب تک اس آپریشن کے دوران تین سو پچاس کے لگ بھگ فیس بک پیجز پر نازیبا پوسٹ کرنے والو ں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ان ملزمان پر ملک میں جنسی بے راہ روی کی تشہیر کرنے ،خاندانی نظام کو کمزور کرنے ،مذہبی اقدار کا تمسخر اڑانے سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں ۔