بھارتی میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کیلئے واضح خطرہ ہیں،سرتاج عزیز

شائع 19 مئ 2016 06:34pm

اسلام آباد:مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی جوہری میزائل تجربات سے طاقت کا توازن بگڑ رہا ہے، ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر دفاعی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔

سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے مشیرخارجہ نے بھارت کی جانب سے نیوکلیئر سب میرین تجربے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا بھارتی رویے سے لگتا نہیں کہ وہ ذمہ دارملک ہے، بھارت کے تجربات خطے میں طاقت کا توازن بگاڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کیلئے واضح خطرہ ہیں، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑمیں شامل نہیں ہوگا، لیکن اپنی دفاعی صلاحیت بڑھائے گا، ہم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کی دعوت دی ہے تاہم دعوت کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ بحیرہ ہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک قرار دینے سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی۔

Read Comments