متحدہ اپوزیشن کا سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ

شائع 20 مئ 2016 09:30am

اسلام آباد:متحدہ اپوزیشن نے وزرا ءکی عدم حاضری پرسینیٹ کے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین رضاربانی کی صدارت میں شروع ہوا تو وزارت خزانہ نے گزشتہ 3 سالوں کی ٹیکس وصولیوں کی تفصیلات جمع کرائیں ۔

ایوان کو بتایا گیا کہ سال 2012،13 میں 1946 ارب ٹیکس وصولیاں کی گئی،سال 2013،14 میں 2254 ارب جبکہ 2014،15 میں 2589 وصولیاں ہوئیں ۔

حکومت ٹیکس کے ذریعے ریونیو بڑھانے کے آپشنز پرغورکررہی ہے،بجٹ تجاویز 2016،17 کو حتمی شکل دی جارہی ہے،اس دوران کراچی میں سیاسی کارکن کی ہلاکت کے معاملے پر تحریک التوا پرمتعلقہ وزیرکے موجود نہ ہونے پرمتحدہ اپوزیشن نے واک آؤٹ کردیا۔

چیئرمین رضا ربانی نے راجہ ظفر الحق کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں کہوں گا کچھ نہیں، لیکن وزراء کا رویہ آپ کے سامنے ہے،وزرا ءکی عدم موجودگی کے باعث دس سے پندرہ منٹ تک اجلاس رکا رہا۔

راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ کوئی غلط فہمی ہو گئی ہے،رضا ربانی نے کہا کہ اگر آپ بھی اس کو غلط فہمی کہتے ہیں تو کچھ نہیں کہہ سکتا۔

Read Comments