کرپشن کی بندش تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ،عمران خان

شائع 20 مئ 2016 05:06pm

فیصل آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی لوٹ مار کی بندش تک ملک ترقی نہیں کرسکتا جبکہ ن لیگ کی حکومت نے پانچ ہزار ارب کا قرض ملک پر چڑھا دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں جلسے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ البانیہ کے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اسلام کے نام پر ملک بننے پر مٹھائیاں تقسیم کی ہیں ،پاکستان ایک عظیم خواب کا نام ہے اور میرا خواب تمام پاکستانیوں کیلئے ایک قانون ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوجوان سب سے زیادہ بے روزگار فیصل آباد میں گھوم رہے ہیں،حکمرانوں کی لوٹ مار کی بندش تک ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے اور میں بیس سال سے یہی کہتا رہتا تھا لیکن میری ذاتی زندگی کو بھی نشانہ بنایا گیا اور اب ن لیگ کی حکومت نے پانچ ہزار ارب قرض چڑھا دیا ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر کہلاتا تھا لیکن اب یہاں پر لوگ فیکٹریاں بیچ رہے ہیں اور ہر طرف اشیائے ضروریہ کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی ۔ان کاکہنا تھا کہ ہر چیز پر قوم سترہ فیصد ٹیکس دیتی ہے اور ڈیزل پر اٹھانوے فیصد ٹیکس لگتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیسے والے لوگ ٹیکس نہیں دیتے اور آف شور کمپنیاں بنا کر پیسا چھپاتے ہیں اور ملک چلانے کیلئے ٹیکس کی صورت میں پیسہ قوم کو دینا پڑتا ہے ۔

پی ٹی آئی چیف نے جلسے میں ایک ڈاکیومنٹری بھی دکھائی جس میں نوا زشریف کے اہلخانہ کے جائیداد سے متعلق بیانات دکھائے گئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے سوالات پر طوطے مینا کی کہانی شروع ہوجاتی ہے لیکن ابھی تک سوالات کا جواب نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں جھوٹ بولنے والے وزیر اعظم پر اعتماد کیسے کیا جاسکتا ہے ۔

اس موقعے پر انہوں نے فیصل آباد کے عوام کا شکریہ اداکیا اورکہا کہ لاہور کے جلسے میں بعض خواتین سے زیادتی ہوئی ان سے معافی چاہتا ہوں ۔

Read Comments