ممبئی:بولی وڈ کے مشہور ومعروف گلوکار اریجیت سنگھ سپر اسٹار سلمان خان سے معافی مانگ مانگ کر تھک گئے لیکن دبنگ خان کا غصہ ساتویں آسمان پر پہنچا ہوا ہے وہ انہیں معاف کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق گزشتہ کافی عرصے سےدونوں اسٹارز کے درمیان سرد جنگ جاری ہے۔سلمان کا ماننا ہے کہ اریجیت نے ان کی بے عزتی کی ہے جس کے باعث وہ ان سے بیحد غصہ ہیں ۔
جبکہ اریجیت اپنی حرکت پر شرمندہ ہیں اور سلمان سے بار بار معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ ان سے غلطی ہو گئی انہوں نے کئی بار ایس ایم ایس کے ذریعے سلمان سے معافی کا مانگی لیکن سلمان نے نہ ہی ایس ایم ایس کا جواب دیا اور نہ ان سے بات کی۔
اریجیت نے تھک ہار کر سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور فیس بک پر ایک خط کے ذریعے سلمان سے درخواست کی کہ فلم سلطان کیلئے ان کا گا یا ہوا گانا فلم سے نہ نکالا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے کیر ئیر میں کو ئی گانا تو ایسا ہو جس کیلئے وہ فخر سے کہہ سکیں کہ یہ انہوں نے سلمان خان کیلئے گایا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں کے درمیان ناراضگی کا آغاز ایک ایوارڈ شو کی تقریب کے دوران ہوا ،اس شو کو سلمان ہوسٹ کر رہے تھے۔
اریجیت کا شو کے بارے میں کہنا تھا کہ سلمان کی میزبانی اتنی بورنگ تھی کہ وہ سو گئے جب بجرنگی بھائی جان کے اسٹار نے یہ سنا تو سخت غصے میں آگئے اور پلٹ کر جواب دیا کہ اریجیت کا 'عاشقی '2 کیلئے گایا گیا گیت 'تم ہی ہو' بہت ہی بورنگ تھا۔