پنجاب اور خیبرپختونخوا کا خواتین سے متعلق بل غیر اسلامی قرار

شائع 26 مئ 2016 04:29pm

اسلام آباد:اسلامی نظریاتی کونسل نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے خواتین سے متعلق قوانین کو خلاف اسلامی قرار دیتے ہوئے قانون کا اپنا مسودہ لانے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں مولانا محمد خان شیرانی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے خواتین کے حقوق سے متعلق قانون منظوری سے قبل جبکہ پنجاب حکومت نے منظوری کے بعد کونسل کو بھجوایا لیکن دونوں کے قوانین کا مسودہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ اس سلسلے میں کونسل نے خواتین کے حقوق سے متعلق قانون کا مسودہ تیار کیا ہے جسے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ جس کے مطابق اگر خدا نخواستہ کوئی مرد مرتد ہوجائے تو تین دن کی مہلت کے بعد اسے سزا دی جائے گی لیکن خاتون مرتد ہوجائے تو اس کا قتل واجب نہیں۔

کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بیوی چاہے جتنی بھی مالدار ہو اس کی معاشی ذمہ داریاں شوہر کی ذمہ داری ہوگی۔ اصلاح کیلئے بیوی شوہر یا شوہر بیوی پر تشدد کرنے کاحق نہیں رکھتا۔

مولانا شیرانی نے کہا کہ جان، مال اور عزت کا دفاع ہر شخص کا حق ہے۔ خاتون دفاعی معاملات کی ذمہ دار نہیں لیکن دفاعی تربیت خاتون کا بنیادی حق ہے۔ خاتون شوہر کی اجازت سے شرعی حدود سے تجاوز نہ کرتے ہوئے باہر جاسکتی ہے۔

Read Comments