Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہماری سرزمین پر حملہ کیا گیا جبکہ جعلی شناختی کارڈز کا معاملہ ریاست کی عزت کا مسئلہ ہے۔اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس میں اہم اعلانات کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی دستاویزات کا اجرا ملکی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے ، ولی محمد کا کیس اکیلا نہیں اس سے بڑھ کر کئی کیسز ہیں۔چوہدری نثار نے وارننگ دی کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے اور ان کی مدد کرنے والے دو ماہ میں کارڈ واپس کر دیں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ کہ چھ ماہ میں ڈھائی کروڑ خاندانوں کے شناختی کارڈز کی تصدیق کرینگے۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کی نشاندہی کیلئے ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے،اطلاع دینے والے کو انعام بھی دیا جائے گا۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ معاملے کی مانیٹرنگ کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائیں گے،نادرا کے چھبیس ڈائریکٹر جنرلز میں سے سولہ کو فارغ کر دیا گیا ہے۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں شناختی کارڈز اور پاسپورٹس ریوڑیوں کی طرح بانٹے گئے۔
چوہدری نثار کے مطابق بے انتہا دباوٴ کے باوجود تین ماہ میں ساڑھے دس کروڑ موبائل سمز کی تصدیق کو ممکن بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین کو دھکے دینے والی بات وزیرداخلہ بلوچستان کا ذاتی موقف تھا،حکومت پاکستان کی ایسی کوئی پالیسی نہیں۔