مادر وطن کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے،ایئر چیف سہیل امان

شائع 22 دسمبر 2015 01:44pm

کلرکہار:پاک فضائیہ کے اسپشل سروسز ونگ نے کلرکہارمیں انسداد دہشتگردی کورس مکمل کر لیا، پہلی بار لیڈی آفیسرزنے بھی شرکت کی،ایئرچیف سہیل امان کہتے ہیں کہ جس قوم کی بیٹیاں مردوں کے شانہ بشانہ لڑیں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے دستے نے کلر کہار میں انسداد دہشتگردی کورس مکمل کر لیا۔کورس مکمل کرنے والوں میں پاک فضائیہ کے 90 افسران اور 166 ایئر مین سمیت 226 اہلکار شامل ہیں۔پاک فضائیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پانچ خواتین بھی کورس کا حصہ بنیں،فلائنگ آفیسرزینب کورس کی بہترین لیڈی آفیسرقرارپائیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایئرچیف مارشل سہیل امان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افسران اورجوانوں کو فراہم کردہ تربیتی معیارکا کوئی ثانی نہیں، جس قوم کی بیٹیاں مردوں کے شانہ بشانہ لڑیں اس ملک کو کوئی نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں، امن کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور مادر وطن کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے کلرکہار کو پی اے ایف بیس کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

Read Comments