ملک کے ریاستی امور وزیر اعظم نواز شریف کی زیر نگرانی جاری

اپ ڈیٹ 29 مئ 2016 07:33am

 اسلام آباد:ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف لندن سے تمام ریاستی امور کی نگرانی اور ہدایات جاری کررہے ہیں۔وزیراعظم پیر کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرینگے جس میں بجٹ اہداف کی منظوری دی جائے گی۔ دوسری جانب ملک کی سیاسی قیادت ان کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔

وزیراعظم کی بغرض علاج لندن موجودگی کے بعد ریاستی امور کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے تھے تاہم اب ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم لندن سے تمام ریاستی امور کی نگرانی کے ساتھ ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ترجمان وزیراعظم ہاوٴس نے واضح کیا کہ حکومتی معاملات میں کسی قسم کی تاخیرہے نہ ہی التوا کا شکار ہو رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا آپریشن منگل کے روز ہو گا جبکہ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کرینگے۔وزیراعظم ذاتی طورپر کسی سرگرمی میں شریک نہیں ہوسکتے۔

ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ بیماری سے منسلک تمام اخراجات وزیراعظم کا خاندان برداشت کر رہا ہے جبکہ وزیراعظم ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرینگے جس میں بجٹ کے اہداف کی منظوری سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب سیاسی مخالفت سے قطع نظر ملک کی سیاسی قیادت وزیراعظم کے کامیاب آپریشن کیلئے دعا گو ہے۔تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے نوازشریف کیلئے خیرسگالی کے پیغامات آئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعظم کی صحت کے لیے نیک تمناوٴں کا اظہارکیا اور کہا کہ انکی دعائیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں،وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے وزیراعظم نواز شریف جلد صحتیاب ہوں،انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیراعظم کی صحتیابی کیلئے دعا کریں جبکہ دیگر اہم سیاسی رہنماوٴں نے بھی وزیراعظم کیلئے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا۔ادھر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی وزیراعظم کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

Read Comments