ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ملا منصور کی ہلاکت کی تصدیق

شائع 29 مئ 2016 04:44pm

اسلام آباد:آٹھ دن کے بعد پاکستان نے بھی ملا منصور کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوئی جس کا میچ ملا منصور کے قریبی عزیز سے لیا گیا۔

ہفتے کو بلوچستان کے علاقہ نوشکی میں ملا منصور کو امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا۔جس کی تصدیق سب سے پہلے امریکا اور افغانستان نے اسی روز کردی تھی ۔

چوبیس مئی کو وزیرداخلہ چوہدری نثار نے اس حوالے سے طویل نیوز کانفرنس کی مگر حملے میں ملا منصور کے مارے جانے کی تصدیق نہیں کی۔ صرف اتنا کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی پاکستان تصدیق کر سکتا ہے۔آج وزارت داخلہ کی جانب سے اچانک مختصر سا بیان جاری کیا گیا۔جس میں ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی بھی حتمی شناخت ہو گئی ہے۔

اس بات کی بھی تصدیق ہوگئی کہ حملے میں ہلاک ہونے والا شخص تحریک طالبان افغانستان کا سابق امیر ملا اختر منصور تھا۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوئی جس کا میچ ملا منصور کے قریبی عزیز سے لیا گیا جو اسکی میت لینے افغانستان سے آیا تھا۔

Read Comments