رینجرز اختیارات کے متعلق سندھ حکومت کی سمری مسترد

شائع 22 دسمبر 2015 04:37pm

اسلام آباد:کراچی میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، وفاقی اور سندھ حکومت اس مسئلے پر آمنے سامنے آگئے، سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز اختیارات محدود کرنے کی سمری وفاقی حکومت نے مسترد کردی، وفاق نے جوابی مراسلے میں کہا ہے کہ رینجرز پر قدغن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق،سندھ حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ کو سمری بھیجی گئی تھی،جس میں رینجرز کو دیئے گئے اختیارات سے آگاہ کیا گیا تھا۔وزارت داخلہ نے رینجرز سندھ حکومت کا موٴقف مسترد کرتے ہوئے خلاف قانون قرار دے دیا۔وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کا موٴقف آئین کے آرٹیکل 143 کے تحت مسترد کیا۔جس سے سندھ حکومت کو خط کے ذریعے باضابطہ طور پرآگاہ کردیا گیاہے۔

وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو جوابی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کے اختیارات پر قدغن کسی صورت قبول نہیں،سندھ حکومت کو رینجرز اختیارات کی غیر مشروط سمری بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لیے قرارداد منظورکی گئی تھی۔جس میں رینجرز کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، فرقہ وارانہ قتل اور اغوا برائے تاوان کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا تھا،جبکہ کسی بھی اہم شخصیت کی گرفتاری اور سرکاری دفتر پر چھاپہ وزیراعلیٰ کی اجازت سے مشروط کیا گیا تھا۔

Read Comments