پنجاب کا بجٹ 10 جون کو متوقع
لاہور:پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 10 جون کو متوقع ہے۔
محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نے عدلیہ میں ترقیاتی اخراجات کیلئے اڑھائی ارب کی بجٹ تجاویز منظور کرلیں۔وکلاء رہنماؤں نے ترقیاتی اخراجات کے بجٹ کو دگنا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پنجاب حکومت نے عدلیہ میں ترقیاتی اخراجات کیلئے 2ارب 52 کروڑ 87 لاکھ 51 ہزار روپے کے بجٹ تجاویز کی منظوری دی ہے۔
رقم سے آئندہ سال ججز کے گھروں کی تعمیر اور نئی عدالتوں کی تعمیر سمیت 70 نئی اور پرانی ا سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔
عدالتوں کی تعمیر کی 53 اسکیموں کیلئے ایک ارب 98کروڑ 31 لاکھ 51 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی ظفر کا کہنا ہے کہ جلد اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے مختص بجٹ انتہائی کم ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے صدر رانا ضیا ءعبدالرحمٰن اور سابق صدر عابد ساقی کا کہنا تھا کہ دوردراز کے علاقوں میں ترقیاتی بجٹ لگانے کی ضرورت ہے،جہاں پر بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت وکلاء نمائندوں کی مشاورت سے عدلیہ کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کرے۔