عامر خان اپنی اگلی فلم میں ایک خلاء باز کا کردار ادا کریں گے۔
بولی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان فلموں کا انتخاب نہایت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مداحوں کو ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔
عامر خان کی آنے والی فلم ’دنگل‘ بھی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر بنائی گئی ہے اور اب وہ ہندوستان کے پہلے خلاء باز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔
آئی بی ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق 51 سالہ عامر خان بہت جلد اپنی فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ ختم کرنے والے ہیں جس کے بعد وہ اس کی تشہیر کا آغاز کردیں گے۔
ہر سال صرف ایک ہی فلم میں کام کرنے والے عامر اس وقت اپنی فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔