Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
واشنگٹن :امریکا میں پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی جمعہ کو لوئی ول میں ہونے والے محمد علی کے جنازے میں شرکت کریں گے۔ بیسویں صدی کے عظیم اسپورٹس مین باکسر محمدعلی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نیویارک کی ایک سڑک کو ان کے نام سے منسوب کردیا گیا۔
تین مرتبہ کے ہیوی ویٹ چیمپئن محمد علی گذشتہ دنوں چوہتر برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ عظیم باکسرکو امریکا سمیت کئی ممالک میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم میاں نوازشریف کی ہدایت پر امریکا میں پاکستان سفیرجلیل عباس جیلانی جمعے کو لوئی ول میں ہونے والی عظیم باکسر کی تدفین میں شرکت کرکے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
نیویارک میں میڈیسن اسکوائر گارڈن کے قریب تھرٹی تھرڈ اسٹریٹ کانام عارضی طور پر محمد علی وے رکھ دیا گیا، شہر کے مئیر کے مطابق سٹی کونسل سے قانون سازی کے بعد اس سڑک کا نام مستقل طورپرمحمد علی وے کردیا جائے گا۔محمدعلی نے میڈیسن اسکوائرگارڈن میں مجموعی طورپر آٹھ فائٹس لڑیں جس میں انیس سواکہتر میں جو فریزرسے کیخلاف لڑی گئی مشہور زمانہ فائٹ آف دی سینچری بھی شامل ہے۔